کولکاتہ ،28؍ ستمبر (بلاغ18ڈاٹ) کلکتہ ہائی کورٹ نے منگل کو حکم دیا ہے کہ بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر ہونے والا ضمنی انتخاب جس میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی امیدوار ہیں اس کو منسوخ نہیں کیا جائے گا اور پولنگ جمعرات کو ہی ہوگی۔ ایک پی آئی ایل میں کولکاتہ کی بھوانی پور سیٹ پر ضمنی انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کے ’آئین ضروری‘ کی دلیل کو چیلنج کیا گیاتھا۔2011 سے 2016 تک ممتا بنرجی کا انتخابی حلقہ رہی بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب اس لیے ضروری ہوگیا ہے،
کیونکہ ترنمول کانگریس کے ایم ایل اے سووندیب چٹوپادھیائے نے پارٹی کے سربراہ کو اسمبلی تک پہنچانے کے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔ اس سیٹ پر اب ممتا بنرجی کا مقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نوجوان رہنما 41 سالہ پرینکا ٹبریوال سے ہوگا ، جو کلکتہ ہائی کورٹ میں وکیل ہیں۔ممتا بنرجی جنہوں نے ریاستی اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد تیسری بار چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالا ،ان کو عہدے پر رہنے کے لیے بھوانی پور ضمنی انتخاب جیتنا ضروری ہے۔ ضمنی انتخاب کے نتائج کا اعلان 3 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
آئین کے مطابق کسی بھی شخص کو وزیر بننے کے چھ ماہ کے اندر قانون ساز اسمبلی یا قانون ساز کونسل کے لیے منتخب ہونا لازمی ہے۔دراصل مارچ،اپریل 2021 میں ہوئے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی نے ریاست کی نندی گرام سیٹ بی جے پی کے شوبھیندوادھیکاری سے ہاری گئی تھیں۔