پٹنہ 1۶ ؍ ستمبر (بلاغ 18 ڈاٹ کام)
ریاستی حکومت نے سڑک حادثہ میں شکار ہوئے لوگوں کے اہل خانہ کو بڑی راحت دینے کا اعلان کیا ہے۔ نتیش کمار کی حکومت نے سڑک حادثہ میں موت ہوجانے کی صورت میں ان کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے دینے کی بات کہی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ کے اس اعلان کو پوری ریاست میں لاگو کردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شدید طور پر زخمی ہونے والے شخص کو 50 ہزار روپے کی امدادی رقم دی جائے گی۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے یہ نظم کیا گیا ہے۔ ریاست میں سڑک حادثہ کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر حکومت نے سڑک حادثہ امدادی فنڈ بنایا ہے جو لوگوں کو حادثات کے بعد معاوضہ کی رقم کے طورپر مدد پہنچائے گا۔ اس فنڈ میں 50 کروڑ روپے جمع کئے جائیں گے جو ضرورت کے مطابق متاثرہ لوگوں کودیئے جائیں گے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے میٹنگ کرکےسبھی ضلع ٹرانسپورٹ افسران کو اس سلسلے میں ہدایت جاری کردی ہے۔ساتھ ہی پوری ریاست میں اسے فوری طور پر لاگو کرنے کو کہا گیا ہے۔ جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ حادثہ ہونے پر گاڑیوں کا بیمہ نہیں ملا تو پوری رقم گاڑی مالکوں سے وصول کی جائے گی۔ متاثرہ خاندانوں کے ذریعہ دعویٰ کرنے کے 30 دنوں کے اندر ہی رقم گاڑی مالکوں کو دینی ہوگی۔ اگر گاڑی مالک اس حکم پر عمل نہیں کرتے ہیں تو گاڑی ضبط کرکے نیلام کردی جائے گی۔