مرکزی حکومت کا بڑا فیصلہ : اس سال اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے کے لیے پی ایچ ڈی کی ڈگری ہونا ضروری نہیں
نئی دہلی ،یکم ؍اکتوبر (بلاغ 18ڈاٹ کام) اس سال اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدوں پر تقرری کے لیے پی ایچ ڈی کی ڈگری لازمی نہیں ہوگی۔ مرکزی حکومت نے یہ فیصلہ کورونا وبا کے پیش نظر کیا ہے۔ واضح رہے کہ سال 2018 میں یو جی سی نے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں اسسٹنٹ پروفیسرز کے عہدوں پر تقرری کے لیے پی ایچ ڈی کی ڈگری لازمی قرار دیا تھا ۔ یو جی سی نے امیدواروں کو پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے لیے تین سال کا وقت دیا تھا۔اس کے ساتھ یو جی سی نے یونیورسٹیوں اور کالجوں کو 2021-22 کے تعلیمی سیشن سے اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدوں پر تقرری کے لیے اس معیار کو نافذ کرنے کی ہدایت دی تھی۔
تاہم گزشتہ سال سے کووڈ وبا کی وجہ سے بہت سے امیدوار ابھی تک پی ایچ ڈی مکمل نہیں کر سکے ہیں۔ جس کی وجہ سے انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس سال ان قوانین میں راحت دیں ۔ دہلی یونیورسٹی ٹیچرس ایسوسی ایشن (ڈی یو ٹی اے) نے 15 ستمبر کو یہ معاملہ یو جی سی حکام کے ساتھ مل کراٹھایا تھا۔مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہاکہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سال اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدوں پر تقرری کے لیے پی ایچ ڈی کی ڈگری لازمی نہیں ہوگی۔ ہمیں اس بارے میں کئی امیدواروں سے درخواستیں موصول ہوئی تھیں جو اس سال اس سال اسسٹنٹ پروفیسرکے عہدے کے لیے درخواست دینا چاہتے تھے لیکن ان کی پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل نہیں ہو سکی،
واضح رہے کہ اکتوبر کے آخر تک وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے تمام مرکزی یونیورسٹیوں سے تقریبا 6000 اساتذہ کی اسامیوں کو پُر کرنے کو کہا تھا۔ایک عہدیدار کے مطابق پوسٹ گریجویٹ امیدوار جنہوں نے قومی اہلیت ٹیسٹ (این ای ٹی ) پاس کیا ہے وہ اس سال اسسٹنٹ پروفیسر کی آسامیوں کے لیے درخواست دے سکیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ یو جی سی جلد ہی اس فیصلے کے حوالے سے تمام یونیورسٹیوں اور کالجوں کے لیے سرکلر جاری کرے گا۔