____________________________
قومی اساتذہ تنظیم کے ریاستی کنوینر محمد رفیع، صدر تاج العارفین اور منہاج ڈھاکوی سمیت ایک درجن سے زیادہ اہم شخصیات نے بھی عیادت کر دعائیں دیں
____________________________
پٹنہ ( پریس ریلیز) بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ، پٹنہ بہار کے نئے انچارج چئیرمین و ڈپٹی ڈائریکٹر، سکنڈری ایجوکیشن، محکمہ تعلیم، حکومت بہار جناب عبد السلام انصاری نے ایک درجن سے زیادہ افراد پر مشتمل وفد کے ساتھ معروف ادیب، مصنف، مؤلف، قلمکار و صحافی ڈاکٹر محمد سراج اللہ تیمی کی رہائش گاہ ( واقع چاند کالونی، پھلواری شریف، پٹنہ ) پر تشریف لاکر ان کی عیادت کی۔ ان کی علالت ، صحت اور آپریشن سے متعلق ہمدردانہ طور پر جانکاریاں لیں اور جلد مکمل طور پر صحت یابی و شفایابی کے لیے دعائیں دیں۔ جناب عبدالسلام انصاری نے ڈاکٹر محمد سراج اللہ تیمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں مجھے آپ کی بیماری اور آپریشن کے حوالے سے معلوم ہوا تھا، تبھی سے میں آپ کے گھر آکر عیادت کے لیے سوچ رہا تھا، مگر مصروفیات کے سبب آنے میں تاخیر ہوئی۔ انہوں نے بطور مشورہ کہا کہ ابھی آپ اپنی صحت کا مکمل خیال رکھیے۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ جلد مکمل صحتیاب وشفایاب ہوجائیے۔ تاکہ ایک بار پھر سے حسب سابق اور اپنے معمولات کے مطابق علمی، ادبی و صحافتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا شروع کردیجیے۔دراصل تقریباً ایک مہینہ سے ڈاکٹر محمد سراج اللہ علیل ہیں۔ کچھ دنوں قبل ایمس پٹنہ میں ان کا آپریشن ہوا تھا۔ ابھی نقاہت ہے اور آپریشن کا زخم مکمل طور پر مندمل نہیں ہوا ہے۔ ڈاکٹروں نے ریسٹ کی ہدایت دے رکھی ہے۔اس مناسبت سے ڈاکٹر محمد سراج اللہ تیمی نے مدرسہ بورڈ کے نئے انچارج چئیرمین جناب عبد السلام انصاری سے کہا کہ مجھے ازحد خوشی ہے کہ حکومت بہار کے معزز وزیر تعلیم پروفیسر چندر شیکھر نے آپ کو بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، پٹنہ کا کارگزار صدر نامزد کیا ہے اور سکنڈری ایجوکیشن، محکمہ تعلیم، حکومت بہار کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی ذمہ داریوں کے علاوہ مدرسہ بورڈ کی اضافی ذمہ داریاں سونپی ہیں۔ میں اس کے لیے آپ کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
آپ چونکہ نہایت فعال، سرگرم اور متحرک ضلع تعلیمی افسر کی حیثیت سے کئی برسوں تک خدمات انجام دے چکے ہیں۔ آپ کے پاس سکنڈری ایجوکیشن، محکمہ تعلیم، حکومت بہار میں بھی بحیثیت ڈپٹی ڈائریکٹر کام کرنے کے بھی اچھے خاصے تجربات ہیں، اس لیے میں آپ سے پوری امید کرتا ہوں کہ اپنی نئی اضافی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں گے۔ علاوہ ازیں مدارس کے اساتذہ ، طلباء اور طالبات کے حق میں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بہتر کام و اقدام کریں گے۔ ڈاکٹر محمد سراج اللہ نے انچارج چئیرمین سے دوران گفتگو یہ بھی کہا کہ آپ اس بات سے بخوبی واقف تو ہوں گے ہی کہ بہار میں کئی کئی برسوں تک سرکاری مدارس کے اساتذہ کو تنخواہیں نہیں ملتی ہیں۔ آج بھی ان کی تنخواہوں کا مسئلہ نہایت پیچیدہ بنا ہوا ہے، جس کی وجہ سے وہ اور ان کے اہل خانہ بھوک مری کے شکار ہیں۔ آپ کو یہ بتاتے ہوئے مجھے عجیب سا لگ رہا ہے اور میرا کلیجہ منہ کو آرہا ہے کہ تنخواہیں نہیں ملنے اور معاشی و اقتصادی بحران کے سبب پچھلے سال میرے آبائی ضلع سیتامڑھی کے کئی اساتذہ کے انتقال کی خبریں موصول ہوئی تھیں، اس لیے ان کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کرنے اور ہر ماہ پابندی سے ادائیگی کی سعی کیجیے گا۔انہوں نے کارگزار صدر کی اس طرف بھی توجہ مبذول کرائی کہ مدارس میں تعلیم کا بلند معیار قائم کرنے پر توجہ ضرور دیجیے گا، اس لیے کہ وہاں تعلیم کا کوئی معیار ہی نہیں ہے۔ یہ تلخ حقیقت ہے اور سرکاری مدارس اس معاملے میں بہت بدنام ہیں۔ مدرسہ بورڈ میں بدعنوانیوں کا بازار گرم رہنےکی بھی شکایتیں ملتی رہتی ہیں، چنانچہ ان پر قدغن لگانے کی بھی کوشش کیجیے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہار کے مسلمانوں، بالخصوص سرکاری مدارس کے ذمہ داران، اساتذہ اور طلباء و طالبات کو آپ سے بہت ساری توقعات ہیں۔ دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو اور مزید آپ کا اقبال بلند کرے، میری تمام تر نیک خواہشات اور دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
ڈاکٹر محمد سراج اللہ تیمی کی باتوں کو چئیرمین محترم عبد السلام انصاری نے بغور سماعت کیا اور انہیں عملی جامہ پہنانے اور لوگوں کی توقعات پر کھرا اترنے کے لیے ہرممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر وفد میں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر محمد رفیع، صدر تاج العارفین، ڈھاکوی اکیڈمی آف انڈر گریجویٹ لرننگ ڈھاکہ، مشرقی چمپارن کے ڈائریکٹر محمد منہاج ڈھاکوی، قومی اساتذہ تنظیم مظفر پور کے ضلع صدر شمشاد احمد ساحل، لکچرر موتیہاری ڈائٹ، مشرقی چمپارن فخر الد ین علی احمد، سابق ضلع پارشد محمد رضوان، اردو فورم مظفر پور کی مجلس عاملہ کے رکن ڈاکٹر قیام الدین، سابق نائب پرمکھ کانٹی محمد مقصود عالم، سرپنچ عبد السمیع، ماسٹر اکرم، قومی اساتذہ تنظیم کی مجلس عاملہ کے رکن وقار عالم، اشفاق عالم، ندیم انور، محمد جاوید عالم ، وقار عالم، غازی محمد حماد، کڑہنی بلاک صدر اشتیاق سلیمانی اور نسیم اختر سمیت ایک درجن سے زیادہ اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ان سبھی نے بھی ڈاکٹر محمد سراج اللہ تیمی سے اظہارِ ہمدردی کیا اور مکمل طور پر جلد ان کے شفایاب و صحتیاب ہونے کی دعائیں دیں۔