محدثات : علمِ حدیث کے ارتقا میں خواتین کی خدمات

0
91

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

ڈاکٹر محمد اکرم ندوی کی کتاب ‘محدثات’ ہاتھوں میں ہے ، جس کا برسوں سے انتظار تھا _ دو مرتبہ مطالعہ کرچکا ہوں ، پھر بھی خواہش ہے کہ پھر اس کا مطالعہ کروں ، ایک بار نہیں ، بار بار _

ہم لوگ دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ میں کلاس فیلو رہے ہیں _ پانچ برس 1983 تک ایک ساتھ اٹھنا بیٹھنا رہا ہے _ ہم نے مل جل کر مستقبل میں علمی کام کرنے کے منصوبے بنائے تھے ، کچھ کام کرسکے ہیں ، کچھ شرمندۂ تکمیل ہیں _ عرصہ تک ہم اپنی اپنی دنیا میں مصروف رہے _ اب سوشل میڈیا نے قربتیں پیدا کردیں تو وقتاً فوقتاً ایک دوسرے سے رابطہ رکھتے ہیں _

عرصہ پہلے معلوم ہوا کہ اکرم صاحب نے علم حدیث میں خواتین کی خدمات پر زبردست کام کیا ہے _ کئی ہزار محدّثات کا تذکرہ جمع کردیا ہے _ بہت خوشی ہوئی _ چند سال پہلے ان کا دہلی آنا ہوا تو شعبۂ اسلامک اسٹڈیز ، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ان کا ایک پروگرام رکھوایا _ بڑی پذیرائی ہوئی _ پھر تو ان کے مسلسل پروگرام ہوتے رہے _ ایک بار یونی ورسٹی کے مہمان بنے _ ایک بار ڈپارٹمنٹ آف ویمن اسٹڈیز میں لیکچر ہوا _ ایک مرتبہ انڈیا اسلامک کلچر سینٹر کے آڈیٹوریم میں بڑا پروگرام ہوا _ ہر موقع پر ان کے لیکچر کو مردوں سے زیادہ خواتین نے پسند کیا _ ہر بار ان کی انسائیکلوپیڈیا کا چرچا ہوا _ چالیس جلدیں ، پینتالیس جلدیں ، پچاس جلدیں ، انسائیکلوپیڈیا کتنی جلدوں میں ہے؟ یہ بات معمّہ بنی رہی _ بعض لوگوں نے یہاں تک کہنا شروع کردیا کہ یہ بس اپنی پبلسٹی کی تدبیر ہے ، ورنہ یہ کتاب اتنے برسوں سے اب تک شائع کیوں نہیں ہوسکی ہے؟ بالآخر انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں _ شبہات کے بادل چھٹے اور گزشتہ برس یہ انسائیکلوپیڈیا عربی زبان میں ‘الوفاء بأسماء النساء’ کے نام سے 43 جلدوں میں دار المنھاج جدہ سے شائع ہوئی ہے ، جس میں تقریباً 10 ایسی خواتین کا تذکرہ ہے جنھوں نے کسی نہ کسی پہلو سے علم حدیث میں کام کیا ہے _ البتہ اس کا انگریزی خلاصہ تقریباً 15 برس پہلے UK سے Al- Muhaddithat: Women’s Scholars in Islam کے نام چھپ چکا تھا اور انٹرنیٹ پر بھی موجود ہے _

امسال مارچ 2022 میں اکرم صاحب کے سفر ہند کا پروگرام بنا تو کئی ماہ پہلے طے پایا کہ اس کتاب کے اردو ترجمہ ، جسے ہدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس نئی دہلی شائع کررہا ہے ، اس کے اجرا کا پروگرام دہلی میں رکھا جائے _ میں نے آفر کیا ہے کہ یہ پروگرام مرکز جماعت دہلی میں ہوسکتا ہے _ بالآخر اکرم صاحب دہلی تشریف لائے تو انہیں مرکز کا مہمان بنایا گیا ، دہلی میں ان کے متعدد آن لائن اور آف لائن پروگرام ہوئے ، مرکز جماعت میں منعقد ہونے والے پروگرام میں ، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے فرمائی ، ان کا لیکچر ہوا اور کتاب کا اجرا بھی _

اس کتاب سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام نے خواتین کی تعلیم و تربیت سے بھرپور دل چسپی لی ہے _ ہر زمانے میں انہیں اس کے تمام مواقع فراہم کیے گئے ہیں _ انھوں نے علم حاصل کرنے میں ، پھر سماج کو اپنے علم سے فیض پہنچانے میں کبھی کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی ہے _ اس کتاب کی اشاعت کے بعد ایک مستشرق نے کہا تھا کہ اب ہم مسلمانوں پر عورتوں کو تحصیلِ علم سے دور رکھنے کا الزام نہیں رکھ سکتے ہیں ، بلکہ عورتوں کی علمی سرپرستی میں عیسائیت اب اسلام سے پیچھے ہوگئی ہے _
____________________________________
نام کتاب : محدثات : علم حدیث کے ارتقا میں خواتین کی خدمات
مصنف : ڈاکٹر محمد اکرم ندوی
ناشر : ہدایت پبلشرز اینڈ ڈاٹربیوٹرس ، نئی دہلی
موبائل / واٹس ایپ :
9891051676 _91+
ای میل :
hidayatbooks@gmail.com
صفحات :412، قیمت :400 روپے

ارادہ ہے کہ اس کتاب کے کچھ اقتباسات آئندہ سوشل میڈیا پر عام کروں ، تاکہ اس کتاب کی اہمیت واضح ہو اور خواتین کی عظمت کے نقوش دلوں پر ثبت ہوں _

Previous articleمظلوموں کی مدد ، ایک اہم فریضہ
Next articleحمید سہروردی کا افسانہ غیر معمولی خلاقیت کا عکاس

اپنے خیالات کا اظہار کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here