(نواب ملک کو داود ابراہیم سے جوڑا جا رہا ہے کیونکہ وہ مسلمان ہیں: شرد پوار کا سنسنی خیز انکشاف)
(Maharashtra Nawab Malik News: مہاراشٹر کے اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک کو گینگسٹر داود ابراہیم اور اس کے معاونین کی سرگرمیوں سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں جنوبی ممبئی واقع ای ڈی کے دفتر میں تقریباً پانچ گھنٹے تک چلی پوچھ گچھ کے بعد گزشتہ 23 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔)
پنے: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے ہفتہ کے روز کہا ہے کہ پارٹی لیڈر اور مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک کی گرفتاری ’سیاست سے متاثر‘ ہے اور انہیں انڈر ورلڈ ڈان داود ابراہیم سے جوڑنے کی کوشش کی گئی کیونکہ وہ ایک مسلمان ہیں۔ انہوں نے نواب ملک کے استعفیٰ سے متعلق اپوزیشن کے ذریعہ کئے گئے مطالبہ کو بھی مسترد کردیا۔
مہاراشٹر کے اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک کو بھگوڑے گینگسٹر داود ابراہیم اور اس کے معاونین کی سرگرمیوں سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں جنوب ممبئی واقع انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر میں تقریباً پانچ گھنٹے تک چلی پوچھ گچھ کے بعد گزشتہ 23 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔
این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا، ’نواب ملک کی گرفتاری سیاست سے متاثر ہے۔ اسے داود ابراہیم سے جوڑا جا رہا ہے کیونکہ وہ مسلم ہیں۔ نواب ملک اور ان کی فیملی کے اراکین کو جان بوجھ کر پریشان کیا جا رہا ہے، لیکن ہم اس کی مخالفت کریں گے‘۔
نواب ملک کے استعفیٰ کے مطالبہ پر کہی یہ بات
ایک وزیر کے طور پر اپوزیشن بی جے پی کے ذریعہ نواب ملک کے استعفیٰ کے مطالبہ کے بارے میں پوچھے جانے پر سابق مرکزی وزیر شرد پوار نے کہا کہ مرکزی وزیر نارائن رانے، جو بی جے پی میں ہیں اور نواب ملک کے لئے الگ الگ معیار نافذ کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا، ’مجھے یاد نہیں ہے کہ ہمارے (کانگریس کے) سابق پارٹی کارکن نارائن رانے کو حال ہی میں گرفتاری کے بعد استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ کل، وزیر اعظم نریندر مودی پنے آرہے ہیں۔ وہ اس کے بارے میں اور بتاسکتے ہیں۔ نواب ملک کے لئے الگ معیار اور نارائن رانے کے لئے کچھ اور۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سب سیاست سے متاثر تھا‘۔
واضح رہے کہ نارائن رانے کو گزشتہ سال اگست میں مہاراشٹر کے رتناگری ضلع کے سنگمیشور میں پولیس نے ان کے اس بیان کے لئے گرفتار کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے یوم آزادی کے خطاب کے دوران ہندوستان کی آزادی کا سال بھولنے کے لئے ریاست کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو تھپڑ مار دیتے۔