تین ہفتہ قبل ناندیڑ (مہاراشٹر) میں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) کے طلبہ کے ساتھ دو دن (10 و 11 اکتوبر) گزارنے کا موقع تھا _ اُس کا خمار ابھی اترا نہیں تھا کہ دوبارہ مہاراشٹر کا سفر کرنا پڑا اور ممبرا میں ان کے دوسرے گروپ کے ساتھ دو دن (یکم و 2 اکتوبر) گزارے _ یہ دنوں مواقع میرے لیے بڑے یادگار رہے ، اس لیے کہ ان پروگراموں کے ذریعے نوعمر طلبہ کے درمیان گُھل مِل کر رہنے ، ان کی نفسیات کو سمجھنے ، ان کی علمی و فکری تربیت کا جائزہ لینے اور ان کے ذہنوں میں ابھرنے والے سوالات کا جواب دینے کا موقع ملا _ واقعہ یہ ہے کہ میں ان طلبہ کی صلاحیت سے بہت متاثر ہوا اور فکری موضوعات سے ان کی دل چسپی دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی _
ایس آئی او مہاراشٹر نے اپنے ممبرس کی فکری تربیت کے لیے ریاست کے چار مقامات پر دو روزہ Up Bringing Camp ‘جہانِ نو ہورہا ہے پیدا’ کے عنوان سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا _ ناندیڑ کا پروگرام پہلا اور ممبرا کا تیسرا تھا _ یہ پروگرام درس قرآن ، درس حدیث ، تذکیر کے علاوہ PPT Presentation ، تقاریر ، پینل ڈسکشن ، انٹرویوز وغیرہ پر مشتمل ہوتا تھا _ پروگرام کی تفصیلات ہر جگہ یکساں تھیں _ اس کی اہمیت کا اندازہ اس میں زیر بحث آنے والے موضوعات سے لگایا جا سکتا ہے : قرآن مجید کے عجائبات _ سنّت کی آئینی حیثیت _ تجدید و احیائے دین _ ہندوستان میں دعوتِ دین کی تاریخ _داعی ، دعوت اور مدعو _ اسلامی معاشرہ ، اسلامی تحریک اور عالمی سیاست کے بدلتے رجحانات _ تحریکی شعور _ موجودہ دور میں تحریک اسلامی کو درپیش علمی چیلنجز _ جماعت اسلامی ہند کی فکری مبادیات _ جماعت اسلامی کا 75 سالہ سفر _ علم اور تعلیم کا اسلامی فلسفہ _ ہندوستان کا تعلیمی نظام : ماضی ، حال اور مستقبل _ معاصر نظریات : سرمایہ داری ، سوشلزم ، سیکولرزم ، جمہوریت ، فسطائیت، جدیدیت ، مابعد جدیدیت کا مطالعہ و جائزہ _ ان موضوعات پر ریسورس پرسنس کی حیثیت سے جناب رضوان الرحمٰن خاں امیر حلقہ ، جناب ظفر انصاری سکریٹری حلقہ ، ڈاکٹر محی الدین غازی سکریٹری تصنیفی اکیڈمی نئی دہلی ، ڈاکٹر فہیم الدین احمد چیف ایڈیٹر ہفت روزہ دعوت ، ڈاکٹر شاداب موسیٰ ، جناب راشد خاں ، جناب خان یاسر ، جناب نہال کِدی یور جنرل سکریٹری ایس آئی او ، برادر سلمان خاں صدر ایس آئی او مہاراشٹر اور دیگر نے اظہارِ خیال کیا _
راقمِ سطور کو ان پروگراموں میں درج ذیل موضوعات پر اظہارِ خیال کا موقع ملا :
(1) حدیث کا تعارف
(2) فکرِ اسلامی کیا ہے؟
(3) مقاصدِ شریعت
(4) فقہی اختلافات : تاریخ ، اسباب اور مظاہر
ایک دل چسپ اور اہم پروگرام ‘اخلاقی برائیاں اور ان کا سدِّ باب’ کے عنوان سے ہونے والا پینل ڈسکشن تھا _ اس میں ان برائیوں کے بارے میں تفصیل سے بحث کی گئی جن میں کالجوں میں تعلیم حاصل کرنے نوجوان عموماً مبتلا رہتے ہیں اور ان سے بچنے کی تدابیر کی نشان دہی کی گئی _
ابتدا میں مجھے تردّد تھا کہ یہ خشک موضوعات شاید طلبہ کے علمی معیار سے بلند ہیں _ ان میں نہ وہ دل چسپی لیں گے اور نہ کچھ زیادہ فائدہ اٹھاسکیں گے _ میں نے صدرِ حلقہ کے سامنے اس کا اظہار کیا ، لیکن انھوں نے اطمینان دلایا کہ بیش تر طلبہ ان موضوعات پر ہونے والی تقاریر سے استفادہ پر قادر ہیں _ ہر تقریر کے بعد طلبہ کے سوالات سے بھی اس کی تائید ہوتی تھی _ طلبہ کی غیر معمولی دل چسپی اس سے بھی ظاہر ہوتی تھی کہ وہ پروگرام کے اوقات کے علاوہ بھی ہر وقت مجھے گھیرے رہتے تھے اور مجھ سے علمی ، دینی ، فکری اور تحریکی سوالات کرتے رہتے تھے _ ان کی گرویدگی دیکھ کر مجھے اپنے ‘پِیر’ ہونے کا احساس ہونے لگا _
عزیزی سلمان خاں صدرِ حلقہ نے بتایا کہ تمام تقاریر کی ویڈیو ریکارڈنگ کروائی گئی ہے ، جنہیں مناسب ایڈیٹنگ کے بعد ان شاء اللہ یو ٹیوب پر اپ لوڈ کردیا جائے گا _
ایس آئی او مہاراشٹر نے طلبہ کی فکری تربیت کے لیے ایک مفید پروگرام ترتیب دیا ہے _ ان شاء اللہ آئندہ اس کے بہت مفید اثرات سامنے آئیں گے _ دیگر ریاستوں میں بھی ایس آئی او کو اس کی تقلید کرنی چاہیے _
میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان نوجوانوں کا عزم و حوصلہ برقرار رکھے کہ انہی کو آئندہ تحریک اسلامی ہند کی قیادت سنبھالنی ہے _ آمین ، یا رب العالمین !