سیرتِ نبوی پر ایک نئی کتاب از: ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

0
133

اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ پر موجودہ دور میں ‘فقہ السیرۃ’ کے اسلوب میں جو کتابیں لکھی گئی ہیں ان میں سے ایک اہم کتاب مصری دانش ور ڈاکٹر محمد الغزالی کی ‘فقہ السیرۃ’ ہے ، جس کا اردو ترجمہ ‘سیرتِ پیغمبرِ اسلام ‘کے نام سے شائع ہوا ہے _

فقہ السیرۃ کی اصطلاح موجودہ دور میں ابھر کر سامنے آئی _ اس کا مطلب یہ ہے کہ سیرت کا ایک ایک واقعہ بیان کیا جائے ، پھر یہ واضح کیا جائے کہ اس واقعہ سے ہمیں کیا نصیحت ملتی ہے؟ اس موضوع پر سب سے پہلے شیخ مصطفیٰ السباعی کی مختصر کتاب ‘السیرۃ النبویۃ : دروس و عِبَر’ منظرِ عام پر آئی تھی _ دوسری کتاب ڈاکٹر محمد سعید رمضان البوطی کی ‘فقہ السیرۃ النبویۃ’ ہے (جس کا اردو ترجمہ مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز نئی دہلی سے ‘سیرتِ رسول : دروس و نصائح ‘ کے نام سے شائع ہوا ہے _) تیسری ڈاکٹر محمد الغزالی کی یہ کتاب ہے _ اس کے بعد اس انداز کی اور بھی کتابیں لکھی گئی ہیں _

شیخ محمد الغزالی (1917_ 1996) کا شمار مصر کے ممتاز دانش وروں میں ہوتا ہے _ ان کے علمی ورثہ نے عالمی سطح پر اثرات مرتّب کیے ہیں _ ان کی کتابوں کا دنیا کی بہت سی زبانوں میں ترجمہ ہوا ہے _ ہندوستان میں مولانا ابو مسعود اظہر غوری ندوی نے ان کی بہت سی کتابوں کا اردو ترجمہ کیا ہے _ ان میں سے ایک یہ کتاب ‘سیرتِ پیغمبرِ اسلام’ بھی ہے _ بہت پہلے اس کی اشاعت ہوئی تھی اور آؤٹ آف پرنٹ تھی _ اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے ھدایت پبلشرز کے مالک عزیزی ابو الاعلی سبحانی کو کہ انھوں نے اسے شائع کرکے سہل الحصول بنادیا ہے _

یہ کتاب بحث و تحقیق کا اعلیٰ نمونہ پیش کرتی ہے ، ساتھ ہی ادبی چاشنی بھی لیے ہوئے ہے _ شیخ الغزالی کا اسلوب بہت مؤثر اور دل کو اپیل کرنے والا ہے _ مولانا ابو مسعود اظہر ماہر مترجم تھے _ انھوں نے مصنف کے زورِ بیان کو کام یابی کے ساتھ اردو میں منتقل کرنے کی کوشش کی ہے _

اللہ تعالیٰ مصنف ، مترجم اور ناشر کو اجر سے نوازے اور اس کتاب کا فائدہ عام کرے ، آمین _

[ اہل علمِ کے لیے یہ بات دل چسپی کا باعث ہوگی کہ مشہور محدّث علامہ محمد ناصر الدین البانی نے ڈاکٹر محمد سعید رمضان البوطی اور شیخ محمد الغزالی کی کتابوں میں وارد احادیث کی تخریج کی تھی اور ان میں سے ضعیف احادیث کی نشان دہی کی تھی _ شیخ غزالی نے کمال شرحِ صدر اور اظہارِ تشکّر کے ساتھ علامہ البانی کی تخریجات کو اپنی کتاب کے اگلے ایڈیشن میں شامل کرلیا تھا _ البتہ احادیث کے اخذ و رد کے سلسلے میں اپنے نقطۂ نظر کو بھی صراحت کے ساتھ بیان کردیا تھا _ راقمِ سطور نے ڈاکٹر بوطی کی کتاب کا اردو ترجمہ کیا تو اس کے آخر میں دونوں کتابوں پر علامہ البانی کی تنقیدات اور شیخ غزالی کے استدراک کا ترجمہ بھی بہ طور ضمیمہ شامل کردیا ہے _ ]

ناشر : ھدایت پبلشرز اینڈ ڈسٹری بیوٹرس، نئی دہلی
صفحات :448
قیمت :450 روپے
رابطہ :
موبائل :
+91_9891051676
ای میل :
hidayatbooks@gmail.com

Previous articleووٹنگ کے ذریعہ امیر کا انتخاب ناقابل قبول:مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اپنے وعدے پہ کھرے اترے: غلام رسول قاسمی
Next articleآٹھویں امیر شریعت کے انتخاب کا انتظار ختم!

اپنے خیالات کا اظہار کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here