کورونا کو لے کر لاپروائی پر وزیراعظم مودی نے کیا خبردار، ٹیسٹنگ بڑھانے اور سخت نگرانی کا مشورہ
نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی ملک میں کورونا کی تازہ صورتحال کا جمعرات کو ایک اعلی سطحی میٹنگ میں جائزہ لیا ۔ اس دوران وزیراعظم مودی کی طرف سے کچھ ہدایات کے ساتھ اہم مشورے بھی دئے گئے ہیں ۔ میٹنگ میں وزیر اعظم مودی نے کورونا کو لے کر لاپروائی کے خلاف وارننگ دیتے ہوئے حالات پر سخت نگرانی رکھنے کا مشورہ دیا ۔
وزیراعظم نے جینوم سیکویسنگ اور ٹیسٹنگ بڑھانے پر توجہ کے ساتھ ساتھ مضبوط نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ اتنا ہی نہیں ریاستوں کو اسپتال کے بنیادی ڈھانچے کی آپریشنل تیاری یقینی بنانے اور ماسک پہننے سمیت کووڈ پروٹوکول پر عمل کا مشورہ دیا گیا ۔
میٹنگ میں سن رسیدہ اور جن کی امیونٹی کمزور ہے، ان گروپوں کے لئے احتیاطی ڈوز ٹیکہ کاری پر زور دیا گیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے فرنٹ لائن ورکرس اور کورونا واریئرس کی بے لوث خدمت کی سراہنا کی ۔ پی ایم او کے مطابق وزیراعظم مودی نے کہا کہ کورونا وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے افسران کو خاص طور پر بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر چل رہے نگرانی نظام کو مضبوط کرنے کی ہدایت دی ۔
وزیراعظم مودی نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا کہ سبھی سطح پر آلات ، پروسیس اور انسانی وسائل کے معاملات میں تیاری اعلی سطح کی ہونی چاہئے۔ انہوں نے ریاستوں کو آکسیجن سلینڈر، پی ایس اے پلانٹس ، وینٹی لیٹر اور انسانی وسائل سمیت اسپتال کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق کورونا مخصوص سہولیات کا حساب کتاب کرنے کا مشورہ دیا ۔
پی ایم او نے کہا کہ میٹنگ کے دوران ملک میں کورونا کی صورتحال اور عالمی کورونا حالات کے بارے میں ایک جامع پرزنٹیشن دی گئی ۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 22 دسمبر 2022 کے ختم ہوئے ہفتہ میں ہندوستان میں معاملات میں لگاتار گراوٹ دیکھی جارہی ہے اور اوسط یومیہ معاملات کم ہوکر 153 اور ہفتہ وار انفیکشن کی شرح کم ہوکر ۔۔ فیصد ہوگئی ہے ۔