۲۸ جنوری۲۰۲۳ کو ضلع اردو سیل کلکٹریٹ، سیوان کی جانب سے مختلف عنوانات کے تحت میٹرک، انٹرمیڈیٹ اور گریجویشن سطح کے تقریری مسابقے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس تقریری مسابقے میں سو سے زائد طلبہ/طالبات نے شرکت کی۔ قریباً پچاس طلبہ/طالبات پہلے، دوسرے اور تیسرے انعام کے حقدار قرار پائے۔ راجا سنگھ کالج، سیوان سے چھے طلبہ/طالبات نے اس تقریری مسابقے میں حصہ لیا تھا، جن میں سے پانچ انعام کے لیے منتخب ہوئے۔ انٹرمیڈیٹ زُمرے سے ارشاد احمد کو پہلا انعام اور محمد نور اعظم کو دوسرا انعام ملا۔اسی طرح گریجویشن زُمرے سے زبیدہ خاتون کو دوسرا انعام اور عشرت جہاں اور نشاط پروین کو تیسرے انعام سے نوازا گیا۔
واضح ہو کہ مذکورہ مسابقے میں انٹرمیڈیٹ میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ/طالبات کو مومنٹو، سند کے علاوہ بالترتیب ساڑھے پانچ ہزار اور ساڑھے چار ہزار روپے ملنے ہیں۔ اسی طرح گریجویشن میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ/طالبات کو مومنٹو اور سند سے نوازا گیا، اِنھیں بالترتیب ساڑھے چھے، ساڑھے پانچ اور ساڑھے چار ہزار روپے بھی ملنے ہیں۔
۳۰ جنوری کی شام کو جب نتائج کا اعلان ہوا تو طلبہ، ان کے گارجین اور کالج کے اساتذہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔کالج کے معزز پرنسپل کے علاوہ سارے اساتذہ نے طلبہ/طالبات کو مبارک باد دی اور دعاؤں سے نوازا۔ پرنسپل نے طلبہ کی بہتر کار کردگی کے لیے شعبۂ اردو کے استاد پروفیسر امتیاز سرمد کو بھی مبارک باد دی اور شکریہ ادا کیا!