صحافی کی محنت، ایمانداری اور خلوص اس کی کامیابی کی کلید ہے: پروفیسر آفتاب احمد آفاقی

0
53

صحافی کی محنت، ایمانداری اور خلوص اس کی کامیابی کی کلید ہے: پروفیسر آفتاب احمد آفاقی
شعبہ اردو بنارس ہندو یونیورسٹی میں نوجوان صحافی خورشید مصباحی کے اعزاز میں الوداعیہ تقریب کا انعقاد
وارانسی، 10 جولائ:
آج شعبہ اردو بنارس ہندو یونیورسٹی میں ای ٹی وی بھارت اردو سے منسلک نوجوان صحافی خورشید مصباحی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر صدر شعبہ اردو پروفیسر آفتاب احمد آفاقی نے کہاکہ محنت، ایمانداری اور خلوص کامیابی کی کلید ہے۔ نوجوان اور فعال صحافی خورشید مصباحی میں یہ خصوصیات پائ جاتی ہیں۔ اس لیے مجھے یقین کامل ہے کہ ان کا مستقبل تابناک ہے۔ پروفیسر آفاقی نے مزید کہاکہ خورشید مصباحی نے بنارس میں تقریبا ڈیڑھ دو برس گزارے لیکن ایسا محسوس ہوتاہے کہ وہ عرصہ دراز سے یہاں رہ رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے صحافیوں کی تعداد بہت کم ہے جن کا تعلق علم و ادب سے رہتاہے۔ خورشید مصباحی ان معدود چند صحافیوں میں شامل ہیں جن کا تعلق علم و ادب سے گہرا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ شعبے کی ادبی سرگرمیوں کو کوور کیاہے۔ وہ ہمارے درمیان سے لکھنو جارہے ہیں۔ وہاں ان کے لیے بہتر امکانات ہیں۔ ان کے اندر جو صلاحتیں ہیں ان کے پیش نظر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ خورشید مصباحی کو خوب ترقی ملے گی۔ ڈاکٹر مشرف علی نے کہاکہ خورشید مصباحی نے اپنی کارکردگی سے ایک مقام بنایاہے۔ شعبے سے ان کی وابستگی ان کے علم دوست ہونے کی دلیل ہے۔ ڈاکٹر عبد السمیع نے کہا کہ خورشید مصباحی ایک خوش اخلاق صحافی ہیں۔ آپ نے جس طرح سے بنارس میں صحافتی ذمہ داری ادا کی ہے؛ وہ قابل تعریف ہے۔
ڈاکٹر افضل مصباحی نے کہاکہ صحافی سماج کا نمائندہ ہوتا ہے- خورشید مصباحی اس فن سے واقف ہیں. انہوں نے اپنی صحافت سے سماج کے بہت سے مسائل حل کرائے ہیں ۔ آپ نے علمی و ادبی سرگرمیوں کو خصوصیت کے ساتھ عوام تک پہنچایا ہے. اس موقع پر
ریسرچ اسکالر شمشیر علی نے بھی خطاب کیا۔ صحافی خورشید مصباحی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ سب کا بہت بہت شکریہ کہ آپ نے میری حوصلہ افزای کی اور میری خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اس تقریب کا انعقاد کیا۔ گرچہ میں اس کا مستحق نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہاکہ کورونا کے زمانے میں کوریج کرنا بہت ہی چیلنج بھراتھا۔ لیکن اللہ نے ہمیں کامیابی سے ہم کنار کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس شعبے سے فیملی ممبر کی طرح تعلقات رہے ہیں۔ شعبے کے اساتذہ پروفیسر آفتاب احمد آفاقی، ڈاکٹر مشرف علی صاحب، ڈاکٹر عبد السمیع اور ڈاکٹر افضل مصباحی صاحبان نے ہمیشہ تعاون کیا۔ انہوں نے زور دے کہاکہ اردو زبان و ادب کے فروغ میں الیکٹرانک میڈیا کلیدی کردار ادا کر سکتاہے۔ اس شعبے سے میری جو انسیت ہے وہ ناقابل فراموش ہے۔ ڈاکٹر عبد السمیع نے نظامت کے فرائض انجام دیے جب کہ ڈاکٹر رقیہ بانو نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

Previous articleاس نے کہا تھا”نئی صدی کا ایک اہم ناول.از:مقصود دانش
Next articleافسانہ ”گرہ کشائی” از: پروفیسرصالحہ رشید

اپنے خیالات کا اظہار کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here