نعت: از ظفرکمالی

0
143

ہر ایک لب کی صدا محمد
ہر ایک دل کی دعا محمد

مریض دنیا دوا محمد
دوا محمد شفا محمد

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

تمام عالم کے رہنما وہ
تمام نبیوں کے پیشوا وہ

سلگتے صحرائوں میں گھٹا وہ
ہماری کشتی کے ناخدا وہ

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

وہی ہیں پیارے وہی دلارے
وہی ہیں چاند اور وہی ستارے

وہی نظر ہیں وہی نظارے
وہی ہمارے وہی تمھارے

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

وہی ہیں عرشِ بریں کے مہماں
وہی نبوّت کے ماہِ تاباں

ہر ایک دل کے وہی ہیں ارماں
انھیں کو پڑھ لو وہی ہیں قرآں

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

وہی ہیں چھت اور وہی ہیں زینہ
وہی انگوٹھی وہی نگینہ

وہی سمندر وہی سفینہ
خدا کے دلبر شہہِ مدینہ

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

وہ جن کی باتیں ہیں روح پرَوَر
نظر میں جن کی ہیں سب برابر

مکان خستہ چٹائی بستر
پیمبروں کے مگر پیمبر

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

نصیبے ور بد نصیب ان کے
رقیب ان کے حبیب ان کے

مریض ان کے طبیب ان کے
امیر ان کے غریب ان کے

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

عجیب دولت وہ لے کے آئے
عظیم نعمت وہ لے کے آئے

خدا کی دعوت وہ لے کے آئے
زمیں پہ جنّت وہ لے کے آئے

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

نظر عطا کی شعور بخشا
عبادتوں کا سُرور بخشا

زمیں کے ذرّوں کو طور بخشا
ہمیں ہدایت کا نور بخشا

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

خدا کی چاہت جگائی دل میں
خدا کی عظمت بٹھائی دل میں

لگن خدا کی لگائی دل میں
خدائی مشعل جلائی دل میں

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

سبق وفا کا پڑھانے والے
خدا کا رستہ دکھانے والے

گرے پڑوں کو اٹھانے والے
گلے سے اپنے لگانے والے

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

ستم سہے رنج و غم اٹھائے
جو چوٹ پہنچی تو مسکرائے

محبتوں کے دئے جلائے
عداوتوں کے نشاں مٹائے

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

بتائے کیا کوئی حال ان کا
خدا ہی جانے کمال ان کا

بڑی ہے دولت خیال ان کا
ضیا دلوں کی جمال ان کا

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

محبتوں کی نظر محمدؐ
صدف صدف کے گہر محمدؐ

ہماری شام و سحر محمدؐ
ہمارے خیرالبشر محمدؐ

درود ان پر سلام ان پر
خدا کی رحمت مدام ان پر

Previous articleمیاں بیوی آپس میں کیسے رہیں۔۔قسط نمبر…….2
Next articleمیاں بیوی آپس میں کیسے رہیں۔۔آخری قسط

اپنے خیالات کا اظہار کریں

Please enter your comment!
Please enter your name here